ویلز : (ویب ڈیسک ) ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ماسک پہن کر سونے والے افراد کی نہ صرف یادداشت بہتر ہوتی ہے بلکہ اگلے دن زیادہ بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آئی ماسک نیند کے دوران روشنی کو آنکھوں تک پہنچنے سے روکتے ہیں جس سے یادداشت اور ذہنی مستعدی پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اس تحقیق میں 122 افراد کو شامل کیا گیا جن پر دو مختلف طرح کے تجربات کیے گئے، پہلے تجربے کے لیے 18 سے 35 سال کی عمر کے 89 افراد کو ایک ہفتے تک سونے کے دوران آئی ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی اور پھر مزید ایک ہفتے تک بغیر ماسک کے سونے کا کہا گیا۔
پہلے تجربے کے نتائج سے معلوم ہوا کہ آئی ماسک پہننے والے افراد نے ذہنی آزمائشوں میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ ان کے ردعمل کا وقت بھی بہتر ہوگیا۔
دوسرے تجربے میں 18 سے 35 سال کی عمر کے 33 افراد کو ایک رات آئی ماسک پہنا کر ڈیوائسز کے ذریعے نیند کے دوران دماغی سرگرمیوں اور روشنی کے حوالے سے ردعمل کی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس کے بعد ایک رات آئی ماسک کے بغیر سلایا گیا اور پھر اس کے نتائج کا موازنہ آئی ماسک کے ڈیٹا کے ساتھ کیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ آئی ماسک پہننے سے یادیں بننے اور کچھ نیا سیکھنے جیسے دماغی افعال میں بہتری آئی ہے ۔