صد سالہ افراد میں بیماریوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے : تحقیق

Published On 01 April,2023 10:23 am

بوسٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کے سائنس دانوں کی ایک ٹیم کا کہنا ہے کہ 100 سال یا اس سے زائدالعمر افراد کے مدافعتی نظام پر کی جانے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ افراد بیماریوں سے زیادہ تیزی سے صحتیاب ہوتے ہیں۔

جرنل ’دی لانسیٹ‘ میں شائع ہونے والی بوسٹن یونیورسٹی اور ٹفٹس میڈیکل سینٹر کے محققین کی ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ سو سال کی عمر رکھنے والے افراد کے مدافعتی نظام میں ایسے منفرد خلیے ہوتے ہیں جو ان کے جسموں کو زیادہ کامیابی کے ساتھ بیماری کے خلاف لڑنے کے قابل بناتے ہیں۔

تحقیق کی سربراہ مصنفہ تانیا کیراگیانِس کے مطابق تحقیق کا ڈیٹا اس خیال سے اتفاق کرتا ہے کہ سو سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد میں حفاظتی عوامل موجود ہوتے ہیں جو انتہائی بڑھاپے میں بیماری سے صحتیابی کو ممکن بناتی ہے۔

فٹس میڈیکل سینٹر سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے سینئر مصنف پاؤلا سیبسٹیانی کا کہنا تھا کہ ان معمر افراد کے مدافعتی نظام کے مشاہدے میں ان پر انفیکشن کے منکشف ہونےا ور اس سے صحتیاب ہونے کی صلاحیت کی طویل تاریخ کی تصدیق ہوتی ہے۔

اس سے اس خیال کو بھی تقویت ملتی ہے کہ سو یا زیادہ برس کی عمر والے افراد ان حفاظتی عوامل سے بھرپور ہوتے ہیں جو جسم کے انفیکشن سے صحتیاب کرنے کی صلاحیت کو بڑھاتے ہیں۔
 

Advertisement