شہری کورونا وائرس کے پیش نظر پرہجوم مقامات پر ماسک پہنیں: محکمہ صحت سندھ

Published On 23 April,2023 02:38 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) محکمہ صحت سندھ نے عوام پر زور دیا ہے کہ کوویڈ کے نئے ویریئنٹ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے لئے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز پر عمل کریں کیونکہ عیدالفطر کے دوران مرض کے پھیلنے اور عوامی میل جول میں اضافے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) کے مطابق شہریوں کو سماجی فاصلہ رکھنا چاہیے اور شاپنگ مراکز سمیت تمام عوامی اور پرہجوم مقامات پر ماسک پہننا چاہیے۔

محکمہ صحت نے کہا کہ عید کے دوران بڑے پیمانے پر میل جول سے گریز کرنا چاہیے اور ہاتھ مسلسل صابن سے دھوتے رہنا چاہیے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر نزلہ، کھانسی سے متعلق کوئی علامت محسوس ہو یا سانس لینے میں دشواری ہو تو قریبی سرکاری ہسپتال کا دورہ کریں اور کورونا وائرس کا مفت ٹیسٹ کروائیں۔

محکمہ صحت نے شہریوں پر کوویڈ 19 کے خلاف ویکسین لینے کا پر بھی زور دیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ جن لوگوں نے ویکسین کی آخری خوراک 6 مہینے یا ایک سال قبل لی تھی، ان کو مشورہ دیا جاتا ہے وہ کسی بھی ضلعی ہیڈکوارٹرز ہسپتال یا ویکسینیشن سینٹرز سے ویکسین کی خوراک حاصل کریں۔

محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویکسین کی خوراک سے جان لیوا مرض کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ ہوگا۔

محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ بڑی عمر کے شہری اور متعدد بیماریوں کے شکار افراد کو خصوصی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایمونائزیشن ٹیموں کو بلا کر گھر میں ہی ٹیکا لگوائیں۔

 

Advertisement