ملک بھر میں کورونا کیسز ایک بار پھر بڑھنے لگے

Published On 25 March,2023 09:16 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 89 مثبت کیسز سامنے آگئے۔

ملک بھر میں ایک بار پھر کورونا کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے ، قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق گزشتہ روز 2 ہزار 530 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 89 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔

قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی شرح 3.52 فیصد رہی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا ۔

ملک بھر کے ہسپتالوں میں کورونا کے 19 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر نے کورونا وائرس کے اچانک بڑھتے کیسز کے باعث ملک بھر میں 30 اپریل تک ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا ہے۔

این سی او سی نے ہدایت جاری کی ہے کہ رش والے مقامات، اسپتالوں اور دیگر ہیلتھ کیئر سینٹرز میں بھی ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے۔

Advertisement