نیویارک : (ویب ڈیسک ) عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ اس سال کوویڈ 19 کا خطرہ اس حد تک کم ہوسکتا ہے کہ یہ موسمی انفلوئنزا کی مانند ہوجائےگا۔
مسلسل تین سال کی پریشانی کے بعد لگتا ہے کہ کورونا ایک عام فلو جیسے وائرس میں تبدیل ہو گیا ہے، اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) کے ایمرجنسی ڈائریکٹر مائیکل ریان نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم اس مقام پر پہنچنا شروع کر رہے ہیں جہاں ہم کوویڈ 19 کو موسمی فلو کی مانند دیکھ سکیں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ کورونا باقی رہے گا مگر ایک خطرے اور زندگیاں نگلنے والے وائرس کے طور پر نہیں بلکہ زندگی میں خلل نہ ڈالنے والے ایک وائرس کے طور پر باقی رہے گا، مجھے لگتا ہے یہ اس سال ہوگا اور دنیا اب وبائی امراض کے دوران پہلے سے کہیں بہتر جگہ پر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس سال ہم یہ کہہ سکیں گے کہ ’’ کوویڈ 19 ‘‘ بین الاقوامی تشویش پر مبنی پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کے طور پر ختم ہو گیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے 30 جنوری 2020 کو صحت عامہ کی ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا جب چین سے باہر وائرس کے 100 سے کم کیسز اور صفر اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔