سندھ کے 507 گھوسٹ ڈاکٹرز کو شوکاز نوٹسز، 39 ملازمت سے برطرف

Published On 03 July,2023 01:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے گھوسٹ ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔

محکمہ صحت سندھ نے 507 ڈاکٹروں کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے فائنل شوکاز پر 39 ڈاکٹر ملازمت سے برطرف کردیئے۔

حکومت کی جانب سے کارروائی کے خوف سے 54 غیر حاضر ڈاکٹروں نے خود استعفیٰ دے دیا جب کہ اس ضمن میں 121 ڈاکٹروں کو فائنل شوکاز نوٹس دیا گیا۔

صوبے کے گھوسٹ ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی جنوری 2022 سے مئی 2023 تک کی ہے، البتہ غیر حاضر، ترقیوں میں دلچسپی نہ لینے والے ڈاکٹروں کی جگہ جونیئر کو ترقیوں کے لئے قانونی رائے طلب کرلی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ صحت سے غیر حاضر ڈاکٹروں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ڈی جی ہیلتھ سروسز کو غیر حاضر ڈاکٹروں کی تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت کردی۔