کراچی کے شہری 15 سال سے لٹ رہے، کبھی ڈاکو تو کبھی پولیس لوٹتی ہے: خالد مقبول صدیقی

Published On 01 July,2023 07:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کیخلاف جھوٹے پراپیگنڈے کیے جاتے ہیں، تاریخ گواہ ہے ہم نے کام زیادہ کیا اور جتایا کم ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے گورنر ہاؤس میں عوامی نمائندہ منتخب کیا ہے، صوبے میں کرپشن، کرائم کا راج ہے، گورنر ہاؤس کرائم، کرپشن کیخلاف بھی کوئی اقدام کرے، کراچی کے شہری پندرہ سال سے لٹ رہے ہیں، کراچی کا شہری کئی بار لٹتا ہے، کبھی ڈاکو، کبھی پولیس کے ہاتھوں لٹتا ہے، چور، ڈاکو، سپاہی سب کا شہر سے کوئی تعلق نہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر نے کہا ہے کہ چور، ڈاکو، سپاہی بھی امپورٹڈ ہیں، ہمارا اہم مطالبہ 140 اے کا ہے، شفاف مردم شماری کا مطالبہ پورے پاکستان کیلئے تھا، کراچی کے ساتھ گنتی میں ڈنڈیاں ماری جاتی ہیں، 75 سال بعد حیدر آباد میں یونیورسٹی بن رہی ہے، اللہ کا شکر ہے ہمارے مطالبات پر پیشرفت ہو رہی ہے، جب ایم کیو ایم اقتدار میں رہی کراچی چمکتا رہا، نوکریاں ایم کیو ایم کے دور میں دی گئیں۔