کراچی: (دنیا نیوز)عید الاضحیٰ کے پہلے روز میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے آلائشیں اٹھانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا۔
مرتضیٰ وہاب بلدیاتی نمائندوں اور افسران کے ہمراہ چنیسر ٹاؤن پہنچے اور محمود آباد میں شہریوں سے ملاقات اور عید کی مبارکباد دی، مرتضیٰ وہاب نے بلدیاتی نمائندوں سے آلائشوں کو لینڈ فل سائٹ پہنچانے کے حوالے سے تفصیلات معلوم کیں، شہریوں نے گلی محلوں سے آلائشیں اٹھانے کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بغض کی عینک پہنے افراد کو کہتا ہوں شرارتیں چھوڑ دیں: مرتضیٰ وہاب
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہید ملت روڈ میں قائم آلائشیں اٹھانے کے کیمپ کا دورہ کیا اور فوری طور پر شہر بھر سے آلائشیں اٹھانے کا کام مکمل کرنے کی ہدایت کی، سولڈ ویسٹ حکام نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو بریفنگ میں بتایا کہ شہید ملت روڈ کے اطراف، گلیوں سے الائشیں اٹھا لی گئی ہیں۔
اپنے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آلائشوں کے حوالے سے شہری اپنی شکایات سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ہیلپ لائن پر کرا سکتے ہیں، پیپلز پارٹی کے تمام بلدیاتی نمائندے اپنے حلقوں میں کام کر رہے ہیں، تمام جماعتوں کے بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، چند ایک مقامات سے موصولہ شکایات پر فوری ایکشن لیا گیا ہے۔