جنیوا: (ویب ڈیسک)عالمی ادارہ برائے صحت نے خبردار کیا ہے کہ بالخصوص سیاہ سافٹ ڈرنکس میں شامل ایک مصنوعی مٹھاس درحقیقت کینسر آور (کارسینوجن) کیمیکل ہے۔
ایسپرٹیم نامی مصنوعی مٹھاس بالخصوص سیاہ سافٹ ڈرنکس اور چیونگم سمیت کئی اشیا میں شامل کی جاتی ہے، عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق جولائی میں اسے ’ممکنہ طورپرکارسینوجن‘ کیمیکل میں شامل کیا گیا تھا، یہ اصطلاح ایسے اجزا کے لیے استعمال کی جاتی ہے جو سرطان کی وجہ بن سکتے ہیں۔
یہ تحقیق بین الاقوامی ایجنسی برائے کینسر ریسرچ (آئی اے آرسی) نے کی ہے جو عالمی ادارہ برائے صحت کا ذیلی ادارہ بھی ہے، آئی اے آر سی نے مختلف ماہرین پر مشتمل پینل سے مذاکرات کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے ، اس ضمن میں شائع شدہ تحقیقات کا جائزہ بھی لیا گیا ہے اور یوں ایسپرٹیم کو سرطان والی مٹھاس میں شامل کیا گیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کی جانب سے غذائی اجزا پرنظررکھنے والا ذیلی ادارہ جے ای اسی ایف اے ایسپرٹیم پر اپنی عوامی سماعت 14 جولائی کو کرے گا، اس اعلامیے کے بعد مزید تفصیلات منظرِ عام پر آسکیں گی۔