لاہور : (دنیانیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تمام سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو عام عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نوازشریف سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ کا دورہ کیا اور ایمرجنسی و دیگر وارڈز کا معائنہ کیا، انہوں نے ہسپتال میں طبی سہولتوں کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اوران کی خیریت دریافت کی۔
محسن نقوی نے مریضوں اور تیمارداروں سے طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا اور ڈیوٹی ڈاکٹر اورسٹاف کو مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں، نگران وزیراعلیٰ نے ہسپتال کی ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے دن رات کام کیا جارہا ہے، ہیلتھ کیئر کی سہولتوں میں بہتری کے لئے پوری ٹیم کو متحرک کردیا ہے، سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں بھی ہیلتھ کیئرکی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری ا قدامات اٹھائے جائیں گے۔