لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کا دن آج منایا گیا۔
ماہرین کے مطابق ہیپاٹائٹس ایک خاموش قاتل ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں 80 فیصد مریض اپنی اس بیماری سے لاعلم ہیں، پاکستان دنیا کے اُن ممالک میں شامل ہے جہاں ہیپاٹائٹس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
ہیپاٹائٹس بی اور سی جگر کے کینسر کا سبب بن کر جان لیوا ثابت ہوتے ہیں، ہیپاٹاٹئس اے، ای جسے عام زبان میں پیلا یرقان کہتے ہیں، اس کی ایک بڑی وجہ ہمارے پینے والے پانی میں سیوریج کے پانی کی ملاوٹ ہے۔
پاکستان میں ایک محتاط اندازے کے مطابق 2 کروڑ افراد ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں اور اس سے ہر سال ڈیڑھ لاکھ افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے اس وقت دنیا بھر میں 30 کروڑ 50 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس کی مختلف اقسام میں مبتلا اور ہر 30 سیکنڈ میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہو جاتا ہے۔ پاکستان میں دو کروڑ افراد اس بیماری کا شکار ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ انجکشن لگواتے وقت ہمیشہ نئی سوئی، حجامت کیلئے نیا بلیڈ استعمال کریں، خواتین ناک کان چھدواتے ہوئے ہمیشہ نئے اوزار کے استعمال پر زور دیں، پانی اُبال کر پیئیں، گھر اور اطراف کے ماحول کو صاف رکھیں۔