لاہور: (دنیا نیوز) نگران پنجاب حکومت نے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنے کیلئے مختلف سروسز کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ہسپتالوں کے حالات کو بہتر کرنے کیلئے نگران حکومت کے اقدامات جاری ہیں، اسی سلسلے میں سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے مختلف سروسز کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سکیورٹی اور جینیٹوریل کے بعد ریڈیالوجی اور پتھالوجی کے شعبوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔
نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے انفراسٹرکچر کی اصلاح کی کوشش کر رہے ہیں، گرمی کے موسم میں ہسپتالوں کے ایئر کنڈیشنرز بند نہیں ہونے چاہئیں، ہارٹ اٹیک کیساتھ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کی 24 گھنٹوں میں پرائمری انجیوپلاسٹی کرنے کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کارڈیالوجی ہسپتالوں میں دو ماہ میں 7 ہزار سے زائد مریضوں کی پرائمری انجیو پلاسٹی ہو چکی ہے، پنجاب میں صحت سہولت پروگرام بلا تعطل جاری رہے گا، تمام سرکاری ہسپتالوں کے ہیلتھ پروفیشنلز کی ویکسی نیشن مکمل کروائیں گے۔
نگران صوبائی وزیر صحت نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خالی اسامیاں پُر کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات جاری ہیں، پنجاب کے تعلیمی اداروں میں ہیلتھ سکریننگ گیم چینجر ثابت ہو گی، طبی درسگاہوں میں ریسرچ کو پروان چڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔