لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے بادشاہی مسجد کا ہنگامی دورہ کیا، اس دوران انہوں نے نبی پاک ﷺ سے منسوب تبرکات کو بہترین شو کیسز میں رکھنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے بادشاہی میں رکھے گئے نبی پاک ﷺ سے منسوب تبرکات کی زیارت کی اور انہیں محفوظ اور بہترین شو کیسز میں منتقل کرنے کا حکم دیا، انہوں نے تبرکات کی جگہ کو بہتر بنانے کیلئے چار رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی، کمیٹی میں کمشنر لاہور، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری اوقاف اور سیکرٹری آرکیالوجی شامل ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ تبرکات مقدسہ کو جن شو کیسز میں رکھا گیا ہے وہ بالکل ناکارہ ہو چکے ہیں، رسول پاک ﷺ کے عصہ، دستار مبارک اور دیگر تبرکات کو بہترین شو کیسز میں رکھا جانا چاہیے، فوری طور پر تبرکات کو رکھنے کی جگہ کو بین الاقوامی معیار کا بنایا جائے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا ہے کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس اتنے مقدس تبرکات ہیں، یہی اگر کسی اور ملک میں ہوتے تو ہم وہاں زیارت کیلئے جاتے، محسن رضا نقوی نے مسجد کے صحن سے گیلے ناکارہ کارپٹ بھی تبدیل کرنے کا حکم دیا۔