مُنہ کی بدبو کا باعث بننے والی عام غلطی

Published On 30 July,2023 11:50 am

لاہور: (ویب ڈیسک ) منہ سے ناگوار بدبو ایک ایسا مسئلہ جس سے ہر دوسرا شخص پریشان ہے، اس بو کی کئی وجوہات ہیں جس کا ادراک ناصرف آپ کو خود بلکہ آپ کے سامنے موجود شخص کو بھی ہوجاتا ہے۔

منہ کی بدبو کا شکار افراد براہ راست کسی کے سامنے گفتگو بھی نہیں کرسکتے کیونکہ ان کے منہ سے آنے والی بدبو سامنے موجود شخص کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہوتی ہے۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ منہ سے بدبو کیوں آتی ہے؟ اس کی کئی ساری وجوہات ہیں جن کا یقیناً آپ کو پہلے سے علم ہوگا، ڈاکٹرز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مسلسل منہ سے بدبو آنے کی وجہ وہ جراثیم ہوتے ہیں جو منہ کے اندر موجود ہوتے ہیں۔

بیکٹیریا انسان کے منہ کے اندر ایسی گیس پیدا کرتے ہیں جس کی وجہ سے منہ سے بدبو آنے لگتی ہے، انسان کچھ بھی کھاتا ہے تو یہ بیکٹیریا منہ میں موجود شکر اور اسٹارچ کو توڑتے ہیں جس کی وجہ سے بدبو آتی ہے۔

ماہرین طب کے مطابق منہ سے بدبو آنا ایک ایسی بیماری ہے جسے سائنسی اصطلاح میں ’ہیلیٹوسس‘ کہتے ہیں۔

امریکی ہیلتھ ویب سائٹ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق لوگ روز مرہ کی زندگی میں ایک ایسی غلطی کررہے ہوتے ہیں جو منہ کی بو کی وجہ بنتی ہے، وہ وجہ ہے کہ کچھ مرد حضرات اور خواتین کو دانتوں سے ناخن چبانے کی عادت ہوتی ہے، یہ ان وجوہات میں سے ایک ہے جو منہ میں بدبو کا سبب ہوتے ہیں۔

دانتوں سے ناخن چبانے کی وجہ سے بیکٹیریا مسلسل منہ کے اندر جارہے ہوتے ہیں، اور ناخن چاہے جتنے مرضی صاف ہوں، ان میں نہ دکھنے والے سیکڑوں بیکٹیریا موجود ہوتے ہیں۔

اس بدبو سے چھٹکارا پانے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں، سبز چائے کا استعمال کریں ، دار چینی کے تیل سے کلیاں کریں، یا آپ پھٹکری سے بھی کلیاں کرسکتے ہیں۔

اگر دانتوں کو باقاعدگی سے برش نہ کیا جائے تو خوراک کے اجزاءمنہ میں باقی رہ جاتے ہیں جس سے دانتوں کے درمیان، مسوڑوں اور زبان پر جراثیموں کی تعداد بڑھنے لگتی ہے جو بدبو کا باعث بنتی ہے ۔

اگر اس طرح بھی منہ کی بدبو ختم نہ ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے کیونکہ پھر یہ کسی مرض کی علامت بھی ہوسکتے ہیں جس کا علاج ہونا ضروری ہے۔