اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماحولیاتی صحت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد ماحولیاتی صحت کی اہمیت کو سمجھنا اور حفاظت کرنا ہے۔
ایئر کوالٹی لائف انڈیکس کی سالانہ رپورٹ کے مطابق بڑھتی فضائی آلودگی شہریوں کی اوسط عمر میں 4 سال تک کی ممکنہ کمی کا باعث بن سکتی ہے، پاکستان میں انسانی صحت کیلئے قلبی امراض کے بعد دوسرا سب سے بڑا خطرہ آلودگی ہے۔
ماحولیاتی ماہرین کے مطابق ہوا میں موجود خطرناک اجزا انسانی صحت کیلئے مضر ہیں، کراچی جیسے میٹروپولیٹن سٹی میں آبادی کے لحاظ سے ایئر کوالٹی مانیٹرز بھی موجود نہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی سے نہ صرف اوسط عمر کم ہو رہی ہے بلکہ ملک کی بڑی آبادی بیماریوں کا بھی شکار ہو رہی ہے۔
پاکستان کی 98 فیصد آبادی انتہائی آلودہ فضائی ماحول میں رہتی ہے، ملک کے بیشتر شہری علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح قومی فضائی آلودگی اور عالمی ادارہ صحت کے معیار سے کئی گنا زیادہ ہے۔