راولپنڈی میں ڈینگی کے وار تھم نہ سکے ، مزید 56 کیسز رپورٹ

Published On 25 September,2023 11:38 am

راولپنڈی : (ویب ڈیسک ) راولپنڈی میں ڈینگی کے وار تھم نہ سکے، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 56 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمۂ صحت کے مطابق رواں سیزن میں ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1004 تک پہنچ گئی ہے، راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں 90، ڈی ایچ کیو میں 54، بے نظیر بھٹو ہسپتال میں 36 ڈینگی کے مریض زیرعلاج  ہیں۔

محکمۂ صحت نے بتایا ہے کہ ڈینگی وائرس سے متاثرہ 9 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 40 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور ایک عمارت سیل کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 5 چالان اور 1 لاکھ 14 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر ابھی تک ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3204 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور 549 عمارتوں کو سیل کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق، مجموعی طور پر 948 چالان، 52 لاکھ 15 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔