لاہور: (دنیا نیوز) مارکیٹ میں بخار کے غیرمعیاری سیرپ کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے بخار کی دوا کا ایک بیچ غیرمعیاری قرار دیتے ہوئے صوبائی ٹیموں کو میڈیسن مارکیٹ میں سرویلنس بڑھانے کی ہدایت کر دی ہے۔
ڈریپ نے پیڈولل سسپنشن کا پراڈکٹ ری کال الرٹ جاری کر دیا، ڈریپ کے مطابق پیڈولل سسپنشن پیراسیٹامول فارمولہ سے تیارکردہ ہے اور اس کے بیچ 167 کو غیر معیاری قرار دیا گیا ہے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پیڈولل سسپنشن جے اے ایس ایم فارما رسالپور کی تیارکردہ ہے، اس کو فیڈرل ڈرگ اینالسٹ، سی ڈی ایل کراچی نے غیرمعیاری قرار دیا ہے۔
ڈریپ نے مزید کہا کہ پیڈولل سسپنشن ری کال الرٹ شہری، ڈاکٹرز، کیمسٹ کیلئے جاری کیا گیا ہے، پیڈولل سسپنشن بخار، جسم درد کے علاج میں استعمال کیا جاتا ہے۔
ڈریپ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز مریض کو پیڈولل سسپنشن کا متاثرہ بیچ استعمال نہ کرائیں، غیرمعیاری دوا کا استعمال مریض کی جان کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، غیرمعیاری دوا کا استعمال جگر، گردے کیلئے نقصان دہ ہو سکتا ہے اور ساتھ ہی خون کی خرابی کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
اس حوالے سے فارما کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ پیڈولل سسپنشن کا متاثرہ بیچ سپلائی نہ کیا جائے، کمپنی اس کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سے واپس اٹھوائے اور کیمسٹ پیڈولل سسپنشن کا متاثرہ بیچ فارما کمپنی کو واپس کریں۔