لاہور : (دنیا نیوز) وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے غیرمعیاری انجکشن سے بینائی متاثر ہونے کے معاملے پر عفلت برتنے پر 11 ڈرگ انسپکٹرز کو معطل کر دیا۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ لاہور، ملتان، صادق آباد، خانیوال، ساہیوال سمیت 8 اضلاع کے انسپکٹرز کو عفلت برتنے پر معطل کیا گیا، ڈریپ اجازت لینے کے بعد انجکشنز کی سپلائی ممکن بنائے گا۔
لاہور سے دانیال الہی چیمہ، شیر محمد زمان اور رانا محمد شاہد ، ملتان سے ڈاکٹر ساجد محمود خان ، خانیوال سے رانا محمد اکرم ، بہاولنگر سے راؤ ساجد ارشاد ، قصور سے ثناءاللہ سیف ، رحیم یار خان سے امیر شاہد اور فرخ سلیم ، بہاولپور سے علی رضا اور امجد فاروق جبکہ جھنگ سے عطیہ نواز کو معطل کیا گیا۔
یاد رہے گذشتہ روز نگراں وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ اویسٹن کے انجکشن کی فروخت اور فراہمی روک دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اویسٹن انجیکشن فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جب کہ مبینہ طور پر بینائی ضائع ہونے کے کیسز کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔