نیگلیریا نے ایک اور جان لے لی، رواں برس ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی

Published On 30 October,2023 08:09 pm

کراچی: (ویب ڈیسک ) صوبائی دارالحکومت کراچی میں نیگلیریا فولیری نے ایک اور جان لے لی رواں برس ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی ضلع وسطی کے رہائشی 22 سالہ نوجوان محمد ارسل بیگ کو بخار میں مبتلا ہونے پر 18 جون کو نجی ہسپتال لایا گیا  جس کا پی سی آر ٹیسٹ میں نیگلیریا پازیٹو آیا تھا، طبیعت بگڑنے پر نوجوان کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہیں ہوسکا۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں نیگلیریا سے اب تک 10 اموات ہوچکی ہیں، نگران وزیر صحت نے عوام سے نیگلیریا سے بچاؤ کی اختیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کردی۔

طبی ماہرین کے مطابق نیگلیریا صاف پانی میں افزائش پاتا ہے اور ناک کے ذریعے انسانی دماغ تک جاتا ہے، نیگلیریا کے دماغ میں جانے سے انسان کی موت بھی واقع ہوجاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نیگلیریا سے بچاؤ کیلئے پانی میں کلورین کا50 فیصد ہونا ضروری ہے، گھروں میں موجود ٹینکوں کو سال میں کم سے کم دو بار صاف کیا جائے اور کلورین کی گولیوں کا استعمال کیا جائے۔

طبی ماہرین کے مطابق پینے اور وضو کیلئے پانی کو 100 ڈگری سینٹی گریڈ پر ابالنا نیگلیریا کے خاتمے کا باعث بنتا ہے۔