امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے ملاقات

Published On 26 October,2023 06:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے ملاقات کی، وفاقی وزیر صحت نے امریکی سفیر کا استقبال کیا۔

ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق ملاقات کے دوران امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ صحت کے شعبے میں دونوں ممالک کا تعاون مثالی ہے۔

وفاقی وزیر ندیم جان نے کہا کہ امریکی حکومت کے صحت کے شعبے میں بھر پور اور بامقصد تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں، صحت کا ایجنڈا ہمیشہ غیر سیاسی ہونا چاہیے، یونیورسل ہیلتھ کوریج میرا ٹاپ ایجنڈا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے ملک بھر میں 430 بنیادی مراکز صحت کی بحالی کا منصوبہ تشکیل دیا ہے، تمام بنی نوع انسان کو بیماریوں کیخلاف مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی، صحت عوام اور ریاست میں رابطے کا بہترین ذریعہ ہے، صحت کی بہتر سہولیات سے عوام اور ریاست کا رشتہ مزید مضبوط ہوتا ہے۔

ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق ملاقات میں پاک یو ایس ڈائیلاگ بارے خصوصی تبادلہ خیال ہوا، پاک یو ایس ڈائیلاگ کے دو ادوار ہوچکے، مزید دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا، ملاقات میں ماں بچہ کی صحت، نیوٹریشن، پولیو، متعدی امراض کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو اور تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے ٹیکنیکل گروپ ان تجاویز کو آگے بڑھائیں، امریکی سفیر نے صحت کے مختلف شعبوں میں بھر پور تعاون کے عزم کا اظہار کیا، امریکی سفیر نے متعدی امراض کی روک تھام، ماں بچے کی صحت اور فیملی پلاننگ میں سپورٹ کے عزم کا اظہار کیا۔