لاہور : (دنیا نیوز ) پنجاب کے 36 اضلاع میں گز شتہ 24 گھنٹے کے دوران 204 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مجموعی طور پر رواں سال صوبے میں ڈینگی کیسز کی تعداد 7ہزار 827 ہوگئی ۔
سیکرٹری ہیلتھ لاہور علی خان جان کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 94 نئے مریض سامنے آئے ، رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 3212 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔
رواں برس راولپنڈی میں ڈینگی کے کل 2055 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ روز 42 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے ۔
رواں سال ملتان میں ڈینگی کے کل 814 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ ملتان میں گزشتہ روز 15 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی ، گوجرانوالہ میں گزشتہ روز 25 ، فیصل آباد میں 6 ، شیخوپورہ اور رحیم یار خان میں ڈینگی کے چار ،چار نئے مریض سامنے آئے۔
سیکرٹری ہیلتھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران قصور ، خانیوال اور وہاڑی میں ڈینگی کے دو ، دو کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ چکوال، ساہیوال، بہاولنگر، ننکانہ صاحب، بہاولپور ، لودھراں، راجن پور اور بھکر میں ڈینگی کا ایک، ایک نیا مریض سامنے آیا۔
علی خان جان نے بتایا کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 144 مریض زیر علاج ہیں، جبکہ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 68 مریض زیر علاج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں اور ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں ، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔