پنجاب میں ڈینگی بے قابو، 223 نئے کیسز رپورٹ

Published On 16 November,2023 10:45 am

لاہور : (دنیانیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کے وار جاری ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں مزید223 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سیکرٹر ی ہیلتھ علی جان خان کے مطابق رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 12ہزار دو سو68 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت میں 95 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

حکام محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں18 ،ملتان میں37 ،گوجرانوالہ میں28 اور فیصل آباد میں 20 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی ۔

اسی طرح شیخوپورہ میں 8 ، سرگودھا میں تین ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چینیوٹ میں دو،دو مریض سامنے آئے ہیں ، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ، چکوال، گجرات، رحیم یار خان، وہاڑی، جھنگ، پاکپتن اور راجن پور میں ڈینگی کا ایک ایک نیا کیس رپورٹ ہوا ہے ۔

حکام محکمہ صحت کے مطابق پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 173 مریض زیر علاج ہیں جن میں لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 80 مریض زیر علاج ہیں۔

حکام کاکہنا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں ، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔