لاہور: (ویب ڈیسک) تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ذہنی تناؤ کے دوران چکنائی سے بھرپور غذاؤں کا استعمال دماغ میں آکسیجن کی رسائی کو کم کرکے شریانوں کی کارکردگی کو خراب کر سکتا ہے۔
برمنگھم یونیورسٹی کے محققین نے مطالعہ کیلئے صحت مند نوجوانوں کے ایک گروپ کا انتخاب کیا جنہیں ناشتے میں مکھن لگے کروسانٹ دیے گئے، اس کے بعد ان سے 8 منٹ کی ذہنی طور پر ریاضی کی مشق کروائی گئی جس کی رفتار وقت کے ساتھ بڑھتی رہی اور اس دوران ہر غلط جواب پر ان کو متنبہ کیا گیا۔
یونیورسٹی آف برمنگھم سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹریٹ کی طالبہ اور تحقیق کی سربراہ اور مصنفہ روزیلِنڈ بینہم نے بتایا کہ اس تجربے کو کام یا گھر پر پیش آنے والے روزمرہ ذہنی دباؤ کے نمونے کے طور پر بنایا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جب ہم ذہنی دباؤ میں ہوتے ہیں تو ہمارے جسم میں مختلف چیزیں ہوتی ہیں، ہمارے دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے، خون کی شریانیں پھیل جاتی ہیں اور دماغ میں خون کی گردش بڑھ جاتی ہے، محققین یہ بات جانتے ہیں کہ ذہنی دباؤ کے نتیجے میں شریانوں کی لچک میں کمی آجاتی ہے۔
روزیلِنڈ بینہم کے مطابق تحقیق میں دیکھا گیا کہ ذہنی دباؤ کے دوران چکنی غذاؤں کے کھانے سے شریانوں کی کارکردگی میں 1.74 تک کمی واقع ہوئی جبکہ ماضی کے مطالعوں میں یہ دیکھا جا چکا ہے کہ کارکردگی میں ایک فی صد کی کمی قلبی امراض کے خطرات میں 13 فی صد اضافے کا سبب بنتی ہے۔