ملک میں غیر معیاری سرنجز کی درآمد کا انکشاف

Published On 14 December,2023 06:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں غیر معیاری سرنجز کی درآمد کے انکشاف پر ایف آئی اے نے ایکشن لے لیا۔

فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن نے ملک میں غیر معیاری سرنجز درآمد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو کمپنیوں کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا سے میسرز یونیسا پرائیویٹ لمیٹڈ اور میسرز البدر مینوفیکچرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کو طلب کیا گیا، غیر معیاری نان میڈیکل پولی پراپلین سرنجز سمیت دیگر سامان کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق غیر معیاری سرنجز کی درآمد کے حوالے سے مزید حقائق سامنے آنے کے بعد تحقیقات کا دائرہ کار وسیع ہو سکتا ہے، کمپنیوں کی طرف سے این او سی اور دیگر دستاویزات کی فراہمی کا جائزہ لیا جائے گا۔

ایف آئی اے نے واضح کیا کہ اگر غیر معیاری سرنجز کی درآمد میں کوئی سرکاری اہلکار بھی غفلت کے مرتکب ہوئے تو کارروائی کی جائے گی۔