اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے فوت شدہ پلاٹ مالک کے جعلی دستخط اور انگوٹھے پر انتقال کرنے پر تحصیلدار کو گرفتار کرلیا۔
ملزم نے پلاٹ مالک کا جعلی بائیو میٹرک استعمال کرتے ہوئے موضع پڑیاں میں پلاٹ کا انتقال کیا، ملزم غلام مرتضیٰ چانڈیو نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے 10 مرلہ پلاٹ کا غیر قانونی طور پر انتقال کیا تھا۔
ملزم کی جانب سے استعمال کیے گئے بائیو میٹرک کی تصدیق نادرا سے کروائی گئی جو کہ جعلی ثابت ہوئی، پلاٹ کے مالک کا سال 2013ء میں انتقال ہوگیا تھا۔
ایف آئی اے نے ملزم کو اسلام آباد سے گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔