بیرون ملک ملازمت کے نام پر کروڑوں روپے ہتھیانے والے 2 انسانی سمگلر گرفتار

Published On 12 December,2023 11:36 am

گوجرانوالہ : (دنیا نیوز) ایف آئی اے گجرات اور گوجرانوالہ سرکل نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت کے نام پر کروڑوں روپے ہتھیانے والے 2 انسانی سمگلر گرفتارکرلیے۔

ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون ساجد اکرم کی ہدایت پر انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، بیرون ملک ملازمت کے نام پر کروڑوں روپے ہتھیانے والے ملزمان ویزا فراڈ، انسانی سمگلنگ اور دھوکہ دہی کے گھناؤنے جرم میں ملوث تھے۔

حکام ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں رانا یونس اور احمد خان شامل ہیں، ملزم رانا یونس کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے 4 عدد پاسپورٹس اور 3 لاکھ روپے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

حکام ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے متعدد شہریوں کو بیرون ملک آسٹریلیا ملازمت کا جھانسہ دے کر 1 کروڑ 15 لاکھ روپے ہتھیائے ، انسانی سمگلر احمد خان نے شہری کو کینیڈا بھجوانے کے لیے 50 لاکھ روپے بٹورے ۔

ملزمان شہریوں سے پیسے وصول کر کے روپوش ہوگئے تھے ، ملزمان نے سادہ لوح شہریوں کو اپنے جال میں پھنسانے کے لئے سب ایجنٹ رکھے ہوئے تھے ۔

حکام ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔