لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے آؤٹ ڈور 19 روز بعد کھل گئے۔
کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے، بالآخر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کر دی، صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے آؤٹ ڈورز میں مریضوں کا چیک اپ شروع ہوگیا۔
گزشتہ روز لاہور جنرل ہسپتال میں ہونے والے مذاکرات میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے بھی بات ہوگئی ہے، تمام آؤٹ ڈور کھولنے کا اعلان کرتے ہیں۔
مریضوں اور لواحقین نے ہڑتال ختم ہونے اور آؤٹ ڈور کھلنے کو خوش آئند قرار دے دیا اور کہا کہ ڈاکٹرز کی ہڑتال نامناسب اقدام ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے، ایسے مسائل کے مستقل حل کیلئے پنجاب حکومت اور ینگ ڈاکٹرز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بہت ضروری ہیں۔