لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال اور جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب رات گئے چلڈرن ہسپتال، جنرل ہسپتال، خدمت مرکز اور بند روڈ کے دورے پر پہنچے، محسن نقوی نے لگاتار ساڑھے چار گھنٹے زیر تکمیل پراجیکٹس اور سروسز کا جائزہ لیا۔
انہوں نے چلڈرن ہسپتال میں ریڈیالوجی، میڈیکل ایمرجنسی، میڈیکل فور، او پی ڈی کا دورہ کیا، محسن نقوی نے کینسر، ڈینٹل وارڈ اور آپریشن تھیٹر بھی دیکھے۔
وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں بائیو گیس پائپ کی انڈر گراؤنڈ فٹنگ کی ہدایت کی اور اے سی پلانٹ کی انسولیشن بھی دوبارہ کرنے کا حکم دیا، انہوں نے فرشی ٹائلز کا معیار چیک کیا اور دوران تعمیر ڈھاپنے کی ہدایت بھی کی۔
محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی میڈیکل ایمرجنسی کا بھی دورہ کیا اور مریض بچوں کا حال احوال دریافت کیا، وزیراعلیٰ نے گردوں کی خرابی کی وجہ سے داخل ننھے ابوبکر سے شفقت کا اظہار کیا اور والدہ کو دلاسہ دیا۔
بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی جنرل ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے زیر تکمیل ایمرجنسی وارڈ کا معائنہ کیا اور جنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔
ہسپتالوں کے دورے کے بعد وزیراعلیٰ فوراً لبرٹی خدمت مرکز پہنچ گئے اور موجود شہریوں سے صورتحال دریافت کی، محسن نقوی کے دریافت کرنے پر متعدد شہریوں نے عرصہ دراز سے بلا لائسنس گاڑی چلانے کا اعتراف کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے لائسنس اور لرنر بنوانے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی لبرٹی خدمت مرکز سے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس پراجیکٹ کا جائزہ لینے پہنچ گئے جہاں سائٹ آفس پر ڈی جی ایل ڈی اے نے منصوبے بارے بریفنگ دی، محسن نقوی نے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس پراجیکٹ کے پورے روٹ کا معائنہ کیا اور سگیاں پر داخلی و خارجی ریمپ بنانے کا حکم دیتے ہوئے فوری طور پر پلان طلب کر لیا۔
صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، اظفر علی ناصر، صوبائی سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری ہیلتھ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔