لاہور: (دنیا نیوز) نگران پنجاب حکومت نے کرتار پور میں ٹی ڈی سی پی ریزارٹ بنانے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری ٹور ازم پنجاب راجہ جہانگیر انور نے محسن نقوی کو کرتار پور درشن ریزارٹ پر بریفنگ دی، محسن نقوی نے کرتار پور درشن ریزارٹ کا جامع پلان طلب کر لیا۔
محسن نقوی نے کرتار پور راہداری سے منسلک 50 کمروں کے ہوٹل پراجیکٹ کی منظوری دی۔
اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سکھ زائرین کو پنجاب میں بہترین سہولتیں مہیا کریں گے، محض مذہبی سیاحت نہیں بلکہ سکھ بھائیوں کو دل سے دعوت دیتے ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ایمن آباد، فاروق آباد، ننکانہ اور کرتار پور میں زائرین کیلئے سہولتیں دی جائیں گی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سیاحت عامر میر، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، ایم ڈی ٹی ڈی سی پی، جی ایم آپریشنز ٹی ڈی سی پی اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے، ڈی سی نارووال ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔