لاہور: (ویب ڈیسک) ماہرین صحت نے رات کو کھانے کے بعد میٹھے کا استعمال صحت کیلئے شدید نقصان دہ قرار دے دیا۔
زیادہ تر لوگوں کو کھانے کے بعد میٹھے کا استعمال پسند ہوتا ہے اور شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات میں میٹھا ایک عام سی بات ہے، تاہم رات کے کھانے کے بعد کچھ میٹھا لینا آپ کی صحت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق میٹھی ڈش کوئی بھی ہو اس میں چینی کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو ناصرف جسم میں شوگر کے لیول کو بڑھاتی ہے بلکہ ذیابیطس کے مریضوں کیلئے تو کسی خطرے کی گھنٹی سے کم نہیں۔
رات کو سونے سے قبل میٹھا کھانا آپ کی نیند کو بھی متاثر کرسکتا ہے جس کے سبب یا تو آپ کو نیند نہیں آئے گی یا پھر آپ کو سونے میں مشکلات پیش آئیں گی جبکہ نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے آپ ذہنی تناؤ کے ساتھ ساتھ جسمانی تناؤ کا شکار بھی رہیں گے۔
زیادہ یا تیز میٹھا کھانے سے پیٹ کی خرابی بھی بڑھ سکتی ہے، زیادہ یا تیز میٹھا کھانے سے بدہضمی اور تیزابیت کی شکایت بھی ہوسکتی ہے جبکہ میٹھا کھا کر سونے سے آپ دانتوں کے مسائل سے بھی دوچار ہوسکتے ہیں۔
رات میں میٹھا کھانا آپ کے دانتوں میں کیڑا لگنے کی وجہ بھی بن سکتا ہے، اسی لیے دانتوں کے ڈاکٹرز کی جانب سے میٹھا کھانے کے بعد دانتوں کو صاف کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں میٹھا کھانے سے وزن بھی بڑھتا ہے جبکہ میٹھا کھانے کی طلب آپ کو مزید بیماریوں کا شکار بھی بنا سکتی ہے۔