لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں اور وارڈز کا معائنہ کیا، انہوں نے زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی اور دستیاب طبی سہولتوں کے حوالے سے دریافت کیا، سیکرٹری صحت نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ نامکمل ہسپتالوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرایا ہے، گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال میں علاج معالجے کی جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، اظفر علی ناصر، بلال افضل، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر گوجرانوالہ، آر پی او گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔