فیصل آباد: (دنیا نیوز) محکمہ صحت کی نااہلی، فیصل آبادکے سرکاری ہسپتالوں میں انتہائی اہم الٹراویسٹ اور پروٹامائن انجیکشن کا سٹاک ختم ہوگیا۔
فیصل آباد کی علاج گاہوں میں سرکاری سطح پر سٹی سکین کنٹراسٹ کا عمل رک گیا، انجیوگرافی ٹیسٹ اور بائی پاس آپریشن بھی متاثر ہوئی ہے ، سابق نگران حکومت کی غفلت کے باعث کسی کمپنی سے انجیکشنز کی فراہمی کا معاہدہ نہ ہوسکا۔
سرکاری سطح پر عدم دستیابی کے باعث 6500 والا انجیکشن بلیک میں 16000 روپے تک فروخت ہونے لگا، الٹراویسٹ انجیکشن سٹی سکین اور انجیوگرافی کے دوران نالیوں میں خون کی رکاوٹ جانچنے کےلیے استعمال کیا جاتا ہےجبکہ پروٹامائن انجیکشن دوران بائی پاس آپریشن خون کا بہاؤ روکنے میں کارآمد ہے۔
ہسپتالوں میں ٹیسٹ کےلیے جانے والے مریضوں کو انجیکشن خود خرید کر لانے کی ہدایت کی جانے لگی، اس حوالے سے ہسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انجیکشن کی دستیابی محکمہ صحت کی ذمہ داری ہے۔