کراچی :(دنیا نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے شکارپورمیں ایک صدی پرانے آنکھوں کے ہسپتال پر قبضے کے معاملے پر سیشن جج شکارپور کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں شکار پور کے شہری کی جانب سے تاریخی ہسپتال کو قومی ورثا قرار دینے اور ہسپتال کو بچانے کے لئے درخواست دائر کر رکھی تھی ، جس پر عدالت نے حکم نامہ جاری کیا۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر سمیت محکمہ ثقافت کو تحقیقات میں سہولت فراہم کرنے اور جگہ کا معائنہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو بھی ہسپتال وزٹ کرنے کی ہدایت کی۔
سندھ ہائیکورٹ نے سیشن جج کو ہدایت کی کہ تحقیقات کی جائیں یہ پراپرٹی کس نام پر درج ہے، یہ بھی دیکھا جائے کہ ہسپتال کی زمین کے کسی پورشن پر قبضہ یا اسے منتقل تو نہیں کیا گیا۔
عدالت نے محکمہ صحت سے بھی ہسپتال کے فعال ہونے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
واضح رہے سر ہونری ہولنڈ ہسپتال کے لئے 1946 میں شکارپور کے شہری ہیرا نند نے زمین وقف کی تھی۔