کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کابینہ کے وزراء اور مشیروں کو اُن کے قلمدان تفویض کر دیئے گئے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق شرجیل انعام میمن کو محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اور محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کا قلمدان دیا گیا، ڈاکٹر عذرا پیچوہو کو محکمہ صحت اور بہبود آبادی کی وزارت دی گئی، سید ناصر حسین شاہ کو محکمہ توانائی اور منصوبہ بندی اور ترقیات کا قلمدان سونپ دیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ سید سردار علی شاہ کو محکمہ سکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی، محکمہ کالج ایجوکیشن اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز ڈویلپمنٹ کا قلمدان دیا گیا، سعید غنی کو محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ ڈیپارٹمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ کا قلمدان سونپ دیا گیا، جام خان شورو کو محکمہ آبپاشی اور محکمہ خوراک کا وزیر بنایا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ضیاء الحسن کو محکمہ داخلہ اور لاء، پارلیمنٹری افیئرز اینڈ کریمنل پروسیکیوشن کے قلمدان تفویض کئے گئے، سردار محمد بخش خان مہر کو ایگریکلچر، سپلائی اینڈ پرائز، سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز اور انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا قلمدان دیاگیا، علی حسن زرداری کو جیل خانہ جات کا قلمدان سونپ دیا گیا۔
سید ذوالفقار علی شاہ کو محکمہ کلچر، ٹورازم، اینٹیکیوٹیز اینڈ آرکائیوز کا قلمدان تفویض کیا گیا، اللہ بخش ڈنو خان بھیو کو محکمہ فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف کا مشیر مقرر کیا گیا، احسان الرحمان مزاری کو محکمہ انٹر پروونشل کوآرڈینیشن کا مشیر مقرر کیا گیا۔
سید نجمی عالم کو ہیومن سیٹلمنٹ، سپیشل ڈویلپمنٹ اینڈ سوشل ہاؤسنگ اور محکمہ لائیو سٹاک اینڈ فشریز کا مشیر مقرر کیا گیا۔