کوئٹہ(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایک ماہ میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع الیکشن پلان تشکیل دینے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ صحت کا جائزہ اجلاس ہوا ، اجلاس میں صوبہ بھر میں دی جانے والی صحت کی سہولیات کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اجلاس کے دوران معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے 30 روز میں جامع ایکشن پلان تشکیل دیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں دس دن کے اندر سرجنز کی تعیناتی یقینی بنائی جائے، تمام ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،افسران عوام کی بہتری کیلئے مجوزہ اقدامات پر آج ہی سے عمل درآمد شروع کرائیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نےہیلتھ سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے ایک ارب روپے کی پیشگی ادائیگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ فنڈز کی ادائیگی کے بعد کام نہیں ہوا تو ذمہ داروں کا تعین کرکے انکے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ آئندہ ایس این ای کے بغیر کوئی منصوبہ زیر غور نہیں لایا جائے گا، طے شدہ قواعد و ضوابط پر پورا نہ اترنے والے بنیادی مراکز صحت عوامی وسائل پر بوجھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام غیر فعال مراکز بند کردئیے جائیں، ڈسٹرکٹ میرٹ پر منتخب ڈاکٹروں کو ڈیوٹی کے لئے متعلقہ اضلاع بھیجا جائے ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر ہیلتھ کئیر کمیشن ڈرافٹ کی تشکیل اور نمایاں خدمات پر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو اعلیٰ سول ایوارڈ ستارہ امتیاز دینے کا اعلان بھی کیا۔