لاہور: (دنیا نیوز) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز دنیا کی 800 بہترین میڈیکل یونیورسٹیوں کی فہرست میں شامل ہو گئی۔
یو ایچ ایس نے میڈیسن کے شعبے میں کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2024ء میں بھی جگہ بنائی ہے، یو ایچ ایس پنجاب کی پہلی میڈیکل یونیورسٹی ہے جسے 2022ء میں عالمی رینکنگ ملی تھی۔
عالمی تعلیمی تھنک ٹینک "کیو ایس" لندن کے سینئر وائس پریزیڈنٹ بین سوٹر نے سرٹیفکیٹ جاری کر دیا، کیو ایس رینکنگ کو اعلیٰ تعلیمی اداروں کی سب سے معتبر عالمی درجہ بندی مانا جاتا ہے۔
پرو وی سی اور ڈائریکٹر کیو ایم سی پروفیسر نادیہ نسیم کا کہنا ہے رینکنگ دنیا کی تمام یونیورسٹیوں کے 2 سے 5 فیصد کو ظاہر کرتی ہے، یو ایچ ایس کی درجہ بندی تعلیمی شہرت، ایمپلائرز ریپوٹیشن، ریسرچ سائٹیشن، ایچ انڈیکس، انٹرنیشنل ریسرچ نیٹ ورک کے لحاظ سے بہترین کارکردگی کی بنیاد پر کی گئی۔
عالمی رینکنگ ملنے پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے پروفیسر نادیہ نسیم، فیکلٹی ممبران و دیگر سٹاف اور سٹوڈنٹس کو مبارکباد دی ہے اور امید کی ہے کہ آئندہ برس رینکنگ میں مزید بہتری آئے گی۔