اسلام آباد:(دنیا نیوز)جامشورو میں بچوں کے ہسپتال کی تعمیر کیلئے 60 ملین امریکی ڈالر کی منظوری دے دی گئی۔
اقتصادی امور کے ذرائع کے مطابق کوریا اور پاکستان کے درمیان 2024-2026 کے نئے منصوبوں اور ترقیاتی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے، ای ڈی سی ایف پاکستان کو تین سالوں میں 900 ملین امریکی ڈالر دینے کی یقین دہانی کرائی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ای ڈی سی ایف نے جامشورو میں بچوں کے ہسپتال کی تعمیر کیلیے 60 ملین امریکی ڈالر کی منظوری بھی دی، کوریا مشن نے دورے کے دوران پاکستان کے مختلف سرکاری محکموں کے حکام کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔
اقتصادی امورکے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وفد کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں توانائی، ٹرانسپورٹ اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں پر تبادلہ خیال ہوا، پاکستان اور ای ڈی سی ایف نے پائیدار ترقی کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا ارادہ کیا۔
آخر میں سیکرٹری اقتصادی امور اور ای ڈی سی ایف کے ڈائریکٹر نے مضبوط اقتصادی تعاون پر زور دیتے ہوئے سٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا ۔