نیویارک : (ویب ڈیسک ) بلڈ پریشر کو کم کرنے والی ادویات بشمول کیلشیم چینل بلاکر، آنتوں کی مخصوص بیماری diverticulosis کا سبب بن سکتی ہے۔
diverticulosis وہ حالت ہے جس میں آنتوں کی پرت پر سوجن یا تھیلی نما ابھار پیدا ہوجاتے ہیں۔ یہ حالت خاص طور پر بوڑھوں کو متاثر کرتی ہے۔
ڈائیورٹیکولوسس کچھ معاملات میں طبی ہنگامی صورت حال بھی اختیار کرسکتا ہے اگر یہ ابھار پھٹ جائیں۔
مطالعے کے مصنف، ڈاکٹر دیپندر گل کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ پہلی بار ہے کہ بلڈ پریشر کی مخصوص ادویات کے اثرات کو ڈائیورٹیکولوسس سے منسلک پایا گیا ہے۔
دوا کے اثرات کا مطالعہ امپیریل کالج لندن کی سربراہی میں سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے کیا جس نے بلڈ پریشر کی تین عام دوائیوں بیٹا بلاکرز، ای سے ای انہبیٹرز اور کیلشیم چینل بلاکرز کی تاثیر اور ضمنی اثرات کی تحقیق کی۔
واضح رہے کہ ہائی بلڈ پریشر دنیا بھر میں دس میں سے ایک بالغ کو متاثر کرتا ہے اور دل کے دورے اور فالج کا خطرہ بڑھاتا ہے، ہائی بلڈ پریشر کا سب سے آسان علاج طرز زندگی میں تبدیلی لانا ہے۔