وزیراعظم کی منکی پاکس سے نبردآزما ہونے کیلئے متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت

Published On 13 September,2024 06:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے اور وزارت صحت کو منکی پاکس کے حوالے سے کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کردی۔

وزیرِ اعظم شہبازشریف کی زیرصدارت منکی پاکس کی صورتحال پرجائزہ اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے سیکرٹریز نے شرکت کی، اجلاس میں وزیراعظم کو منکی پاکس کی حالیہ صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اب تک 6 لاکھ لوگوں کی سکریننگ کی جا چکی ہے، چاروں صوبوں کے بڑے شہروں میں قرنطینہ سینٹرزقائم کردیئے گئے ہیں، عوام کی آگاہی کیلئے این آئی ایچ، وزارت صحت اور میڈیا پر منکی پاکس کے حوالے سےمعلومات فراہم کی جار ہی ہیں۔

اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منکی پاکس کے حوالے سے ملک گیر ہیلپ لائن 1166 کو فعال کر دیا گیا ہے، منکی پاکس کے حوالے سے اقوام متحدہ کےاداروں اور شراکتی اداروں سےمشاورت جاری ہے، صوبوں کو منکی پاکس کی ٹیسٹنگ کٹس اور دیگر سامان خرید کر سٹاک کرنے کی ہدایت کی جا چکی ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ منکی پاکس کے حوالے سے حکام کی ٹریننگ کی جا چکی ہے، وزارت خارجہ صورتحال کے حوالے سے پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ رابطے میں ہے، منکی پاکس کی صورتحال پر روزانہ کی بنیادوں پر جائزہ اجلاس این سی او سی میں منعقد ہو رہا ہے۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ بیرون ملک سے پاکستان آنیوالوں میں اس مرض کی تشخیص ہوئی، پاکستان میں 14 اگست سے اب تک صرف 5 مریضوں میں ایم پاکس کی تشخیص ہوئی، پاکستان میں متاثرہ افراد میں منکی پاکس کی کلیڈ ٹوقسم پائی گئی ہے جو قدرے کم خطرناک ہے، براعظم افریقا اس وقت منکی پاکس سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کو فی الحال منکی پاکس کےحوالے سے کسی قسم کی ہنگامی صورتحال کا سامنا نہیں، ہوائی اڈوں، بندرگاہوں، زمینی، سرحدی اور داخلی راستوں پر سکیننگ یقینی بنائی جائے۔ 







×

آپ کی رائے

کیا چھوٹے صوبوں کا قیام پاکستان میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے ضروری ہے