کراچی کے مختلف علاقوں میں 15گھنٹوں سے بدستور بجلی بند

Published On 25 Jul 2014 09:26 PM 

شہر قائد میں صبح سویرے پیدا ہونے والا بجلی کا بحران تاحال ختم نہ ہو سکا۔ شہر کے بے شمار علاقے 15 گھنٹے گزر جانے کے باوجود بجلی سے محروم شہریوں نے افطار بھی اندھیرے میں کیا۔

کراچی: (دنیا نیوز) صبح سویرے نیشنل گرڈ کی ٹرپنگ کے نتیجے میں شہر بھر میں معطل ہونے والی بجلی 15 گھنٹے گزر جانے کے باوجود مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی ہے جس کے باعث شہری بد ترین مشکلات کا شکار ہیں۔ موبائیل فون کی بیٹریاں ، یو پی ایس ، چارجیبل لائٹ اور پنکھے بھی جواب دے گئے اور شہری حبس اور شدید گرمی میںدن گزارنے پر مجبور رہے۔ شہر کے بے شمار علاقوں میں افطار کے وقت بھی بجلی بحال نہ ہونے کے باعث شہریوں نے اندھیرے میں روزہ افطار کیا بجلی کی بندش کے باعث جمعۃ الوداع کے روز بے شمار علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی۔ کے الیکٹرک کے مطابق صبح ساڑھے چھے بجے جامشورو سرکٹ ٹرپ کر جانے کے باعث کے الیکٹرک کا نظام بری طرح متاثر ہوا جبکہ پونے آٹھ بجے نیشنل گرڈ کی متبادل ٹرانمیشن لائین این کے آئی بھی ٹرپ کر جانے کے بعد کے الیکٹرک کے تمام پیداواری یونٹ بند ہو گئے اورشہر قائد میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہو گئی۔ چار گھنٹے کے بعد شہر میں بجلی کی جزوی طور پر بحالی کا عمل شروع ہوگیا۔ کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق نیشنل گرڈ کی ٹرپنگ کے باعث پیداواری یونٹ کی بندش کے ساتھ ساتھ بارش کے نتیجے میں لوکل فالٹس بھی پیدا ہو گئے جن کی جلد از جلد مرمت اور شہریوں کی مشکلات کے خاتمے کی بھر کوشش کر رہے ہیں۔ کے الیکٹرک کا کہنا اس طرح کی ہنگامی صورتحا میں شہری بجلی کی بچت پر ضرور توجہ دیا کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرین کو جلد از جلد بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔