شیخوپورہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں چپڑاسی، چوکیدار، خاکروب پوسٹ مارٹم کرنے لگے

شیخوپورہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں چپڑاسی، چوکیدار، خاکروب پوسٹ مارٹم کرنے لگے

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں لاشوں کی سرعام بے حرمتی اور انسانی جسم کی ایسی تذلیل دیکھنے میں آئی ہے کہ جسے دیکھ کر انسانیت بھی شرما جائے۔ دنیا نیوز کے ایک اور سٹنگ آپریشن میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں چپڑاسی، چوکیدار اور خاکروب کو گلی میں لاش کی چیر پھاڑ کرتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔

ڈاکٹرز کی بے حسی کی انتہاء یہ ہے کہ ڈیڈ ہاؤس میں نامعلوم لاشیں کئی کئی روز تک کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار پڑی رہتی ہیں۔ بدبو اور شدید تعفن پیدا ہونے پر انسانی جسم کو درجہ چہارم کے ملازمین کے سپرد کر دیا جاتا ہے۔

دنیا نیوز نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ایم ایس سے مؤقف جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے فرمایا کہ یہ جاننے کیلئے تحقیقات کر رہے ہیں کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے؟ متعلقہ ڈاکٹر کو معطل کر دیا ہے۔

سی ای او ہیلتھ سے رابطہ کیا گیا تو بولے، میرے علم میں یہ واقعہ ابھی آیا ہے، ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی، عملے کو ڈاکٹر کی موجودگی میں پوسٹمارٹم کرنا چاہئے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جاوید کا مزید کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کیلئے جگہ موجود نہ ہو تو انتظار کیا جاتا ہے، اہم معاملے پر توجہ دلانے پر دنیا نیوز کا شکرگزار ہوں۔

ادھر، دنیا نیوز نے ڈاکٹروں کی بے حسی کا بھانڈا پھوڑا تو سوئی ہوئی پنجاب حکومت بھی جاگ اٹھی۔ وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔