سکھر میں ہر طرف رنگ بکھر گئے ، عوام کی بڑی تعداد ریلیوں میں بھرپور انداز سے شریک ہے
سکھر (دنیا نیوز ) سندھ میں ہر طرف ثقافت کے رنگ بکھر گئے، مختلف شہروں میں سندھی ٹوپی اجرک ڈے بھرپور جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ مختلف ثقافتی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں بھی نکالی جا رہی ہیں، سب خوشی سے جھوم رہے ہیں۔
سندھ کی ثقافت کے رنگ شہر بھر میں بکھر گئے، شہر شہر گلی گلی مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سکھر میں سندھی ٹوپی اجرک ڈے پر ہر طرف رنگ بکھرے ہیں۔ ریلیوں میں لوگ بھرپور حصہ لے رہے ہیں اور سندھی گیتوں پر جھوم رہے ہیں۔
بڑوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی پوری تیاری کے ساتھ آئے، ہر کسی نے اپنے اپنے انداز میں خوشی کا اظہار کیا۔ سیہون میں بھی سندھ کلچرل ڈے پر جوش و جذبہ عروج پر ہے۔ بچے اور بڑے سندھی ٹوپی اور اجرک پہن کر ریلیوں میں شریک ہیں اور رقص بھی کر رہے ہیں۔ سندھ کے دیگر شہروں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جس میں سندھ کی ثقافت کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جا رہا ہے۔