پاکستان کی قربانیاں تاریخی، ٹرمپ کا ٹویٹ ناپسندیدہ عمل ہے: طیب اردوان

Published On 03 Jan 2018 09:43 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی صدر کی دھمکی پر ترکی پاکستان کیساتھ کھڑا ہو گیا۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین کو فون کیا۔ ترک صدر نے کہا ہے کہ ترکی ہر مشکل میں پاکستان کیساتھ کھڑا ہے، پاکستان کی قربانیاں تاریخی اور شاندار ہیں جبکہ امریکی صدر کا ٹویٹ ناپسندیدہ عمل ہے۔

ترک صدر طیب اردوان نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں تاریخی اور شاندار ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹویٹ ناپسندیدہ جبکہ پاکستان کی قربانیاں بے مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی ہر طرح کے حالات میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

صدر ممنون حسین نے ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترک بھائیوں کے محبت بھرے پیغام سے فخر کا احساس ہوا، پاکستان تعاون کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے لیکن ہمارے جذبات کی قدر نہیں کی گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان امریکہ کے نامناسب پیغام کا مناسب جواب دے گا۔