اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے کہا کہ طاقت کے استعمال سے محبت کی کہانیاں پیدا نہیں ہوتیں، صدر غنی کی طالبان کو سیاسی مصالحت کی پیشکش ایک مثبت قدم اور قابل تعریف ہے۔
اسلام آباد میں امریکی میڈیا کے چار رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے توقع ظاہر کی وفد کی آمد سے موجودہ صورتحال سمجھنے میں مدد ملے گی۔ ناصر جنجوعہ نے 1979ء اور نائن الیون کے بعد پاکستان اور اس کی سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔
انھوں نے وفد کو پاکستان کی حالیہ تاریخ کے حوالے سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان درست راہ پر چلتے ہوئے ہمیشہ دنیا کے ساتھ کھڑا ہوا اور اس نے دنیا میں امن و استحکام اور خوشحالی کے لئے اپنا حصہ ڈالا ہے۔
ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ عسکری حکمتِ عملی نے جنگ کو پیچیدہ بنا دیا ہے جس کا خاتمہ نظر نہیں آتا ہمیں جنگ کے بجائے امن کے لئے سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں مجموعی طور پر امن کو فروغ دینا چاہیے تا کہ اس پیچیدہ تنازع کو ختم کیا جا سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ طاقت کے استعمال سے محبت کی کہانیاں پیدا نہیں ہوتیں، صدر غنی کی طالبان کو سیاسی مصالحت کی پیشکش ایک مثبت قدم اور قابل تعریف ہے۔ پاکستان بھی ایک طویل عرصے سے سیاسی مصالحت پر اصرار کر رہا تھا۔ پاکستان خطے کے ملکوں کے ساتھ دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔