ترجمان کے ذریعے جاری بیان میں چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ جاوید ہاشمی نے سیاسی زندگی میں ہوا کے ہر جھونکے کے ساتھ اپنی سیاسی وفاداریاں تبدیل کیں، وہ آج ایک ایسے سیاسی مسافر ہیں جنھیں کوئی سیاسی جماعت اپنی ٹرین میں بٹھانے کے لیے تیارنہیں۔ ترجمان کے مطابق جاوید ہاشمی نے مسلم لیگ ن کے نزدیک آنے کے لیے پہلے تحریک انصاف مخالف بیانات کا سہارا لیا اور ناکامی پر اب چوہدری نثار علی خان پر الزام تراشی سے مسلم لیگ ن کی قیادت کی قربت چاہتے ہیں۔
چوہدری نثار کے ترجمان نے واضح کیا کہ جاوید ہاشمی کو اپنی مرضی کی سیاست کا حق ہے مگر خوشامد اور کاسہ لیسی میں اس مقام پر نہ جائیں جو سچ اور حقائق کے منافی ہو۔ بزرگ سیاستدان کو اگر اپنی عمر اور زبان کا نہیں تو کم از کم اپنے شہر کی عزت کا ہی پاس رکھ لیں، کاش جاوید ہاشمی الزام تراشی سے پہلے چوہدری نثار علی خان کے حق اور نواز شریف کے خلاف دئیے گئے اپنے بیانات ہی پڑھ لیتے۔