پمز میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر کی بندش، چیف جسٹس نے رپورٹ طلب کر لی

Last Updated On 29 March,2018 06:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس ثاقب نثار نے تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کے والدین کی دہائی سن لی، پمز میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر کی بندش پر سیکرٹری کیڈ سے تین روز میں رپورٹ طلب کر لی۔

سپریم کورٹ اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے نوٹس بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر میں زیرِ علاج بچوں کے والدین کی درخواست پر لیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ تھیلیسیما کے مریض 500 بچے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے منتظر ہیں لیکن انتظامیہ نے نجی ہسپتالوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے سنٹر بند کر دیا۔

درخواست کے مطابق پمز ہسپتال میں بون میرو ٹرانسپلانٹ 10 لاکھ میں ہوتا ہے، اس میں سے بھی 6 لاکھ روپے بیت المال ادا کرتا ہے۔ نجی ہسپتالوں میں بون میرو کا خرچہ 30 لاکھ روپے ہے۔ پمز میں بون میرو سنٹر سے پہلے لیور ٹرانسپلانٹ یونٹ بھی بند کیا جا چکا ہے۔ درخواست گزاروں نے کارڈیک سنٹر بھی بند کرنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔