لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اب ملک کی تقدیر بدلنے کا وقت آ گیا ہے۔ اگر خیبر پختونخوا کی پولیس بہتر نہ ہوتی تو نواز شریف سوات میں تقریر نہیں کر سکتے تھے۔
سوات میں نواز شریف نے کہا ترقی نظر نہیں آ رہی، شاید پاناما کے بعد ان کی نظر کمزور ہو گئی ہے۔ اسفند یار ولی خیبر پختونخوا میں نہیں جاتا تھا، نواز شریف اگر سوات میں جلسہ کر رہے ہیں تو پختونخوا کی پولیس اور ہمیں داد دیں۔ اگر خیبر پختونخوا کی پولیس بہتر نہ ہوتی تو نوازشریف سوات میں تقریر نہیں کر سکتے تھے، وہ سکولوں اور ہسپتالوں میں جا کر تبدیلی کا پوچھیں۔ انہوں نے کہا کہ میں 29 اپریل کو مینار پاکستان میں تاریخی جلسہ کریں گے جہاں بڑے اور چھوٹے شریف کو بتاؤں گا ’’کیوں نکالا‘‘۔
ٹھوکر نیاز بیگ پر کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ بڑے گاڈ فادر اور چھوٹے ڈان نے لاہور کو تباہ کر دیا۔ اسی لاہور میں الیکشن کے بعد درخت اگائیں گے اور ہسپتالوں کے نظام کو ٹھیک کریں گے۔ ہم ایسے ہسپتال بنائیں گے جس کے بعد کسی وزیرِ اعلیٰ کو لندن علاج کے لیے نہیں جانا پڑے گا۔ 2018ء کا الیکشن پاکستان کی تقدیر بدلے گا۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ بڑے چوروں کو پکڑیں گے تو ملک تبدیل ہو جائے گا۔ نواز شریف نے تیس ہزار ارب کی چوری کی، لیکن کہتے ہیں کہ میرے نام پر کچھ نہیں ہے، وزیرِ خارجہ نے اقامہ لیا ہوا ہے، خواجہ سعد رفیق بھی اربوں پتی بن گیا اور اسحاق ڈار منشی کے بچے بھی اربوں پتی بن گئے۔ قوم مقروض اور غریب ہوتی جا رہی ہے لیکن سارے ڈاکو امیر ہوتے جا رہے ہیں۔ قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے پٹرول مہنگا کر کے بوجھ عوام پر ڈالا جاتا ہے۔ اب ملک کی تقدیر بدلنے کا وقت آ گیا ہے۔ سب ممبر بنیں، 2018ء کا الیکشن جیتیں گے۔