لاہور: (دنیا نیوز) باغوں کے شہر لاہور میں موسم ابر آلود ہونے سے بڑھتی ہوئی گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم کا حال بتانے والوں نے 48 گھنٹوں میں باران رحمت کی نوید سنا دی ۔ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ رات کی بارش کے بعد گرمی کی حدت کم ہو گئی ۔
لاہور میں صبح ہی سے موسم قدرے خوشگوار ہے، گذشتہ کئی دنوں سے لاہوریوں کو آنکھیں دکھاتا سورج بادلوں میں چھپ گیا، جس کے بعد محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ رات کی بارش کے بعد گرمی کم ہو گئی تاہم سورج اپنی کرنیں بکھیر رہا ہے ۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی اور وسطی علاقوں میں گرم رہے گا ، محکمہ موسمیات کے مطابق مالاکنڈ، ہزارہ، ژوب، راولپنڈی ڈویژن، بالائی فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواوٰں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔