میرے خلاف مقدمہ جھوٹ پر مبنی ہے: نواز شریف

Last Updated On 04 April,2018 08:09 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے خلاف مقدمے کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت میں روزانہ ان کا جھوٹ بے نقاب ہو رہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ کیس کو براہِ راست ٹیلی وژن پر دکھایا جائے۔

فیصل آباد میں سابق ن لیگی رہنما چودھری شریف کی پانچویں برسی پر پُرجوش خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ جو مجھے نہیں جانتے آج جان لیں کہ میں پیچھے ہٹنے والا بندہ نہیں ہوں، اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹوں گا اور اپنے ساتھ ہونے والے ظلم اور زیادتی کا مقابلہ کروں گا۔

سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ میرے خلاف مقدمہ جھوٹ پر مبنی ہے جس کی اب تک 50 پیشیاں بھگت چکا ہوں، عدالت میں روزانہ ان کا جھوٹ بے نقاب ہو رہا ہے۔ کیا میری بے عزتی عوام کو قبول ہے؟ میرا مطالبہ ہے کہ کیس کو براہِ راست ٹیلی وژن پر نشر کیا جائے تا کہ عوام کو اصل حقیقت کا پتہ چل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جو خدمت ہو سکی ہم نے کی، ہم نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کیے اور سڑکوں کا جال بچھایا۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ کہ معاشرے سے غربت کا خاتمہ ہو، اندھیرے ختم ہوں اور آپ کے گھر جگمگائیں۔ میرے دل میں تمنا ہے کہ میں نوجوانوں کے کام آ سکوں۔

اپنے دھواں دار خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی کی جاگیر نہیں، 22 کروڑ عوام کی جاگیر ہے، چند لوگوں کو اجارہ داری قائم کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ہم کسی کو پاکستان کے ساتھ ظلم نہیں کرنے دیں گے اور نہ ووٹ کو پامال ہونے دیں گے۔ ووٹ کی عزت کے راستے میں جو آئے گا، اس کو نیست ونابود کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  پارلیمنٹ کی ضرورت نہیں، سارا کام چیف جسٹس کے ہاتھ میں دے دینا چاہیے 

انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو ملک کے ساتھ 70 سے ہوتا آیا ہے، ہم نے آئندہ نہیں ہونے دینا، ہم نے پاکستان کو بدلنا ہے۔ جو ووٹ کی عزت نہیں کرے گا قوم اس کیخلاف اٹھ کھڑی ہو گی، جہاں بھی ہوا جب بھی آواز دوں گا لبیک کہنا ہے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِ اعظم پر اربوں کی کرپشن کے الزامات لگائے گئے لیکن انھیں اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے اور اقامے پر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ووٹ کو عزت دلانے کی ذمہ داری اب عوام نے اپنے سر لے لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے آئین کی توہین کی لیکن اسے بیرونِ ملک جانے دیا گیا۔

اس موقع پر انہوں کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وعدہ کریں کہ وہ اپنے ووٹ کی بےعزتی نہیں ہونے دیں گے اور نواز شریف کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔ سازش کرنیوالوں کو بتا دینا کہ 2018ء میں ایسا نہیں ہونے دیں گے۔