اسلام آباد: (دنیا نیوز) شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم کے داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت پیش ہوئے، نواز شریف اور مریم نواز خراب موسم کے باعث اسلام آباد نہ پہنچ سکے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کےخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔ وکیل صفائی خواجہ حارث نواز شریف کی ملازمتی کنٹریکٹ سے متعلق واجد ضیا سے جرح کر رہے ہیں۔ وکیل خواجہ حارث نے سوال کیا 10 ہزار درہم تنخواہ کاٹ کر لکھی گئی، آپ کو معلوم ہے کس نے لکھی ؟ گواہ واجد ضیاء نے بتایا یہ کس نے لکھی ؟ مجھے نہیں معلوم ، اصل ایک لاکھ تھا ، کاٹ کر 10 ہزار لکھا گیا، کاٹ کر کس نے لکھا، مجھےنہیں معلوم، دستاویز تصدیق شدہ ہے، نواز شریف کی ملازمت کا کنٹریکٹ میرے سامنے تیار نہیں ہوا، دبئی میں دستاویز پر مہر لگانے والے کا بیان ریکارڈ نہیں کیا۔
وکیل صفائی خواجہ حارث نے پوچھا رپورٹ میں لکھا 2 جےآئی ٹی ارکان کیپیٹل ایف زیڈ ای کی دستاویز لینے گئے ؟ جس پر واجد ضیاء نے بتایا یہ مجھے دیکھ کر بتانا پڑے گا، والیم ایک، صفحہ 7 پر لکھا ہے 2 جے آئی ٹی ارکان دبئی گئے۔